ملتان : سیکرٹری زراعت پنجاب واصف خورشید نے کہا ہے کہ کپاس کی بوائی اورگندم کی کٹائی ،گہائی،ذخیرہ و ترسیل کے دوران کورونا وائرس سے حفاظتی تدابیر بارے کاشتکاروں کی بھرپور رہنمائی کی جائے ۔اس سلسلہ میں آگاہی کیلئے تمام ممکنہ ذرائع ابلاغ کا موثر استعمال کیا جائے کیونکہ احتیاطی تدابیر اپنانے سے ہی کاشتکاراور ان کے خاندان کورونا وائرس کی وبا سے محفوظ رہ سکتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کپا س کی کاشت کیلئے کاشتکاروں کی فنی رہنمائی میں کسی قسم کی کوتاہی،غفلت یا سستی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ کپاس کی کاشت کے ہدف کے حصول کیلئے تمام متعلقہ سٹیک ہولڈرز کو ہدایات بھی جاری کردی گئی ہیں ، سیکرٹری زراعت نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر چھوٹے کاشتکاروں کو 49ارب روپے کے بلاسود زرعی قرضہ جات کی فراہمی کے بعد سال 2019-20 میں بھی زرعی قرضوں کی فراہمی کا عمل تیزی سے جاری ہے ۔فصل ربیع کیلئے 30ہزار روپے فی ایکڑ اور فصل خریف کیلئے 50ہزار روپے فی ایکڑ بلاسود قرضے فراہم کئے جارہے ہیں۔ساڑھے بارہ ایکڑ تک اراضی کے مالک کاشتکاروں کیلئے بلاسود قرضو ں کی فراہمی جاری ہے ۔