چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ جسٹس جمال خان مندوخیل نے کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر قرنطینہ کر لیا۔ ہائی کورٹ ذرائع کے مطابق چیف جسٹس جمال خان مندو خیل نے خود کو گھر میں ہی آئسولیٹ کر لیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق جسٹس جمال خان مندوخیل اہم عدالتی امور گھر سے ہی سر انجام دے رہے ہیں اور ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ جسٹس جمال خان مندو خیل بلوچستان ہائی کورٹ میں ہی زیر سماعت کورونا سے متعلق کیس کے بینچ کی سربراہی کر رہے ہیں۔ واضح رہے کہ کہ اس سے قبل بھی اہم ملکی شخصیات کورونا کا شکار ہو چکی ہیں، جن میں اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، وزیرخزانہ بلوچستان ظہور بلیدی، گورنر سندھ عمران اسماعیل اور دیگر شامل ہیں جن کے قرنطینہ میں رہنے کے بعد دوبارہ کورونا ٹیسٹ منفی آئے تھے۔ گزشتہ ہفتے پی ٹی آئی کی گوجرانوالہ سے رکن پنجاب اسمبلی شاہین رضا بھی کورونا وائرس کے باعث جاں بحق ہو چکی ہیں۔بلوچستان اسمبلی کے رکن اور سابق گورنر سید فضل آغا بھی کورونا وائرس کے باعث انتقال کر چکے ہیں جبکہ کچھ روز پہلے مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما نہال ہاشمی کا بھی کورونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا۔