کرشنگ سیزن کے دوران چینی کی قیمتوں میں اضافہ غیرفطری، سیاستدان خود مہنگائی کرتے ہیں، دنیا سروے میں مایوسی کا اظہار لاہور: چینی کی مہنگائی پر شہری حکومت سے نالاں دکھائی دئیے ، روزنامہ دنیا کے سروے میں شہریوں نے مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا حکومت عوام کو مافیا سے آزاد کرانے میں ناکام ہوگئی، گلشن راوی سے محمد عقیل، شاہد علی بٹ ، عاصم خان ، عمران اسلم نے کہا چینی کی قیمت دسمبر ،جنوری میں بڑھنا شروع ہوئی لیکن حکومت نے کوئی اقدام نہیں کیا،گنے کی کرشنگ سیزن کے دوران چینی کی قیمتوں میں اضافہ غیرفطری ہے ، چینی 60روپے سے بڑھ کر 90روپے فی کلو تک پہنچ چکی ہے لیکن حکومت شوگر مافیا کے سامنے بے بس ہے ، گڑھی شاہو سے عبداللہ ملک ، احمر خان ، محمد رمضان اور شوکت گجر نے کہا سیاستدان خود مہنگائی کرتے ہیں تاکہ عوام کی جیبوں پر ڈاکہ مارا جاسکے ، عوام شوگر مافیا اور مہنگائی مافیا کے رحم وکرم پر ہیں، باغبانپورہ کے عادل ابرار ، شکیل خالد ، غلام رسول اور چودھری شفیق نے کہا آٹا ، دالیں ، سبزیاں ، چاول ہر کچھ مہنگا ہوگیااب بچوں کو پھیکا دودھ پلانا پڑ رہا ہے ، زرعی ملک میں زرعی اجناس اور اس سے بننے والی اشیاکی قیمتوں میں اضافہ مافیا اور حکومت کے گٹھ جوڑ کی وجہ سے ہوا، حکومت چینی کی قیمت 60 روپے فی کلو پر لائے ۔