لاہور: پنجاب فوڈ اتھارٹی کا 31ویں بورڈ اجلاس ہوا،جس میں ڈسپوزل آف ایکسیس فوڈ ریگولیشن2019 (اضافی کھانے کو ٹھکانے لگانے کا قانون) متفقہ طور پر منظور کر لیا گیاہے۔چیئرمین پنجاب فوڈ اتھارٹی عمر تنویر بٹ، سیکرٹری فوڈ احمد وقاص اورڈی جی فوڈ اتھارٹی عرفان میمن سمیت 16 ممبران نے اجلاس میں شرکت کی۔قانون کے مطابق اضافی کھانا ہوٹل، ریسٹورانوں سے مستحقین تک پہنچانے کا نظام وضع کیا گیا ہے۔ اضافی کھانا مستحقین تک محفوظ طریقے سے پہنچانے کے لیے کولیکشن اور ترسیل کا طریقہ بھی طے کیا گیا ہے۔ چیئرمین پنجاب فوڈ اتھارٹی عمر تنویر بٹ نےکہاکہ سروے کے مطابق ملک میں 40فی صد خوراک ضائع ہوتی ہے۔ انہوں نےکہا کہ اضافی کھانا مستحقین تک پہنچانے والے ہوٹل، ریستورانوں کے لیے ریوارڈ سسٹم بھی متعارف کروایا جائے گا۔ریوارڈ سسٹم کے تحت کھانا مستحقین کے لیے دینے والوں کو ریوارڈ پوائنٹس دیے جائیں گے ۔