مصیبت میں مظلوم کشمیری بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں ، جمیل کامران ملتان: یوم یکجہتی کشمیر کے سلسلہ میں ڈسڑکٹ سپورٹس ڈیپارٹمنٹ ملتان کے زیراہتمام یکجہتی کشمیر واک ایم سی جی گراؤنڈ نواں شہر ملتان سے شروع ہوئی اور پریس کلب ملتان پر اختتام پذیر ہوئی جس میں کھلاڑیوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی،واک کی قیادت کامران بخاری سب رجسٹرار ملتان سٹی نے کی،اس موقع پر محمد جمیل کامران ڈسڑکٹ سپورٹس آفیسر ملتان نے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایت پر مظلوم کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کے سلسلہ میں ضلعی گورنمنٹ نے جو خصوصی پروگرام مرتب کئے ہیں واک اسی سلسلہ میں ہے اور ڈپٹی کمشنر ملتان عامر خٹک کی سرپرستی میں یکجہتی کشمیر کے سلسلہ میں مختلف کھیلوں کے مقابلہ جات کا انعقاد کیا جائے گا ،تمام کھلاڑی بھارتی جارحیت پر سراپا احتجاج ہیں اور مصیبت کی اس گھڑی میں اپنے مظلوم کشمیری بھائیوں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں.کامران بخاری سب رجسڑار ملتان سٹی نے کہا کہ اقوام عالم کو چاہیے کہ اس ظلم کے خلاف نوٹس لیتے ہوئے کشمیری عوام کو بھارتی قبضہ سے واگزار کرائیں اور ان کو ان کا حق خودارادیت دیں ،واک کا آغاز ملتان کرکٹ گراؤنڈ سے ہوا اور پریس کلب ملتان پہنچے ۔