فیصل آباد: ڈویژنل کمشنر عشرت علی نے اپنے آفس میں محکمہ صحت اور پاک آرمی کے اعلیٰ افسرو ں سے انسداد کورونا اقدامات اور زیر علاج مریضوں کے علاج معالجہ کے حوالے سے میٹنگ کی۔ڈپٹی کمشنر محمد علی،سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر مشتاق سپرا،ڈی ایچ او ڈاکٹر بلال احمد،میدیکل سپرنٹنڈنٹس اور دیگر افسر بھی موجود تھے ۔ ڈویژنل کمشنر نے کہا گورنمنٹ جنرل ہسپتال غلام محمد آباد میں کورونا وائرس کے کنفرم مریضوں کے علاج معالجہ پرگہری توجہ دی جائے اور ڈاکٹرز وپیرا میڈیکل سٹاف کو حفاظتی سازوسامان وکٹس کی فراہمی میں رکاوٹ نہیں آنی چاہیے ۔ انہوں نے کہا کورونا وائرس کا مقابلہ کرنیوالے مریضوں کو تمام تر ضروری سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے ۔انہوں نے مسافروں کے ٹیسٹ کی رپورٹس کے بارے میں بھی معلومات حاصل کیں اور کہا نیگٹیو آئے ہوئے مسافروں کو ان کے آبائی گھروں میں بھجوادیا جائے جبکہ ہاؤس کورنٹائن کی درخواستوں پر متعلقہ قواعدوضوابط کے تحت ہی کارروائی ہونی چاہیے ۔انہوں نے کہا مختلف ممالک سے آنیوالی فلائٹس کے مسافروں کو ایئرپورٹ پر ہی ایس او پیز سے آگاہ کریں تاکہ وہ سرکاری یا نجی ہوٹلز میں کورنٹائن اور ٹیسٹ کرانے کی سہولیات سے واقف ہوں۔