تازہ ترین

ڈیزائنر فہد حسین کا اپنا فیشن برانڈ بند کرنے کا اعلان

ڈیزائنر-فہد-حسین-کا-اپنا-فیشن-برانڈ-بند-کرنے-کا-اعلان

پاکستانی فیشن انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے کامیاب ڈیزائنر فہد حسین نے اپنے فیشن برانڈ کو بند کرنے کا اعلان کردیا۔ انہوں نے اس خبر کا اعلان اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ کے ذریعے کیا۔ فہد حسین نے اپنی پوسٹ نہایت دکھ کے ساتھ اس خبر کو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ 'جہاں تک مجھے یاد ہے میں اپنی پوری زندگی میں صرف فن اور فیشن پر کام کرنے کا خواہشمند رہا، ایک دہائی سے زیادہ عرصہ میں نے اس فن کو سیکھنے اور اپنا برانڈ بنانے میں لگادیے، لیکن اس دوران میں نے کچھ کوتاہیوں کو نظر انداز کردیا، ایک فنکار ہونے کی حیثیت کاروبار کرنے کی صلاحیت مجھ میں نہیں تھی'۔ انہوں نے مزید لکھا کہ 'میں نے سوچا تھا کہ وقت اور وسائل میری سوچ کو کامیاب بنادیں گے، لیکن افسوس کے ساتھ ہمیشہ سب ویسا نہیں ہوتا جیسا آپ چاہتے ہیں، شاید میں کاروبار نہیں کرنا چاہتا تھا، میں صرف آرٹ پر کام کرنے کا خواہشمند تھا'۔ ڈیزائنر کے مطابق 'میں سب کا شکرگزار ہوں کہ میرے ساتھ یہ خوبصورت لمحات گزارے، میرے برانڈ کو فخر ہے کہ اس نے اتنے کامیاب سال گزارے اور بہترین لکس تیار کیے اور کئی خوبصورت دلہنوں کے ساتھ کام کیا'۔ فہد حسین نے اعلان کیا کہ ان کا فیشن برانڈ دیوالیہ ہوگیا ہے اور وہ اب اسے بند کررہے ہیں۔ انہوں نے لکھا کہ 'میں اپنا کاروبار ختم کررہا ہوں، میں ایک مرتبہ پھر سب کا شکر گزار ہوں'۔ خیال رہے کہ فہد حسین کا شمار پاکستان کے کامیاب ڈیزائنرز میں کیا جاتا رہا ہے، تاہم ان کے اس فیصلے نے یقیناً فیشن کی دنیا میں کئی لوگوں کو حیران کردیا ہوگا۔ پاکستان کی کئی بڑی ماڈلز بھی فہد حسین کے برانڈ کے ساتھ کام کرنے کے لیے ہمیشہ تیار رہتی تاہم اب جہاں انہوں نے برانڈ کو بند کرنے کا اعلان کردیا وہیں ڈان کو دیے ایک انٹرویو میں یہ بھی کہا کہ انہوں نے فیشن کی دنیا میں واپسی کے حوالے سے ابھی کچھ نہیں سوچا۔

زیادہ پڑھی جانےوالی خبریں