لاہور: کوروناوائرس کے مریضوں پر ادویات کے تجربات جاری ہیں،6 تجرباتی ادویات کے بعد ساتویں دوا ڈیکسامیتھاسون کو وائرس کے سنجیدہ مریضوں کیلئے مفید قرار دے دیا گیا ہے ، اس سے قبل ہائیڈرو کلوروکوئن، ایزتھرو مائی سین،پلازمہ تھراپی ،آئبوپروفین،ریمڈیسیور اور ایکٹمرا انجکشن کا بھی تجربہ جا ری ہے ۔نئی دوا کے حوالے سے سینئررکن کورونا ایکسپرٹ ایڈوائزری گروپ ، سی ای او میو ہسپتال پروفیسر اسد اسلم کا روزنامہ دنیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا ڈیکسا میتھا سون سستی اور مہنگے انجکشن ایکٹمرا کا متبادل بھی ہو سکتی ہے ، میو ہسپتال میں پہلے دن سے سٹیرائیڈ دوا ڈیکسا میتھا سون کا استعمال کرایا جا رہا ہے ، اس سے اب تک 450 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔انہوں نے کہا ڈیکسا میتھا سون دمہ، سوزش اور جوڑوں کے درد میں کارآمد ہے ،یہ وینٹی لیٹر پر جانے سے پہلے والے سنجیدہ مریضوں میں بہت کا ر آمد ہے ۔ دوامہنگی ہونے اور اس کی قلت کے خدشہ پر چیف ڈرگ کنٹرولر پنجاب اظہر جمال سلیمی کا کہنا تھا ڈاکٹری نسخے کے بغیر ڈیکسا میتھا سون کی فروخت پر پابندی عائد کر دی گئی۔ پنجاب بھر میں سٹاک کا ریکارڈ رکھا جائے گا اور اس کی دستیابی کو ممکن بنایا جائے گا۔