ملتان: سیکرٹری زراعت پنجاب واصف خورشید نے کہا ہے کہ زراعت کے شعبے میں اس وقت سب سے بڑا چیلنج کاشتہ فصلوں پر لوکسٹ کا حملہ ہے ۔ حکومت پنجاب اس چیلنج سے نمٹنے کیلئے وفاقی حکومت کے ساتھ مل کر اہم اقدامات اٹھا رہی ہے ۔ صوبہ پنجاب میں لوکسٹ و دیگر قدرتی و ناگہانی آفات سے نمٹنے کیلئے مجموعی طور پر 4 ارب روپے سے زائد کی رقم مختص کی گئی ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ آئندہ مالی سال بجٹ میں زراعت کے شعبہ کیلئے 31 ارب 73 کروڑ روپے کی خطیر رقم مختص کی گئی ہے ۔ اس بجٹ سے کھادوں اور بیجوں پر سبسڈیز، فارم میکانائزیشن، واٹر کورسز کی لائننگ اور شمسی توانائی سے چلنے والے ڈرپ و سپرنکلر نظام آبپاشی کے منصوبے لگائے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کے زراعت ایمرجنسی پروگرام برائے زرعی اجناس کی پیداوار میں اضافہ کیلئے 1 ارب 68 کروڑ وپے مختص کئے گئے ہیں۔ حکومت پنجاب نے جنوبی پنجاب اور بارانی علاقہ جات کی ترقی کیلئے 70 کروڑ روپے کی رقم مختص کی ہے ۔ وزیر اعظم کے زرعی ایمرجنسی پروگرام کے تحت 300 ارب روپے کے مختلف منصوبوں پرپہلے ہی عملدرآمد جاری ہے ۔