کراچی: شہر قائد کے علاقے شیر شاہ چوک پر ایک تیز رفتار کار بے قابو ہو کر کھڑے ٹریلر سے ٹکرا گئی، حادثے کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق جب کہ 2 شدید زخمی ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے شیر شاہ میں چوک پر کھڑے ایک ٹریلر کے ساتھ بے قابو کار ٹکرا گئی جس سے تین افراد جاں بحق ہو گئے، دو شدید زخمی ہو گئے جنھیں سول اسپتال منتقل کیا گیا۔ریسکیو ذرایع کا کہنا ہے کہ ٹریفک حادثے میں جاں بحق اور زخمی ہونے والے افراد آپس میں دوست تھے، تمام افراد شیر شاہ اور اردو بازار کے رہایشی تھے، جاں بحق ہونے والوں میں فاروق، افتخار اور کامران شامل ہیں جب کہ جمیل اور سہیل زخمی ہوئے۔افتخار کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ افتخار نے 2 روز قبل گاڑی خریدی تھی، اور وہ دوستوں کو مٹھائی کھلانے لے جا رہا تھا، حادثے کے وقت افتخار گاڑی چلا رہا تھا۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز شہر قائد میں مختلف ٹریفک حادثات میں کراچی پولیس اہل کار جاں بحق جب کہ جناح اسپتال کے پروفیسر زخمی ہو گئے تھے۔ پولیس اہل کار اللہ دتہ پرانا گولیمار انڈرپاس کے قریب ٹریفک حادثے کا شکار ہوئے جبکہ جناح اسپتال کراچی کے آرتھوپیڈک سرجن پروفیسر ڈاکٹر سعید منہاس آرٹس کونسل کے قریب ٹریفک حادثے میں زخمی ہوئے۔ دو روز قبل بھی کراچی کے علاقے بلدیہ ٹاؤن نمبر 4 میں ایک ٹریفک حادثے میں پولیس اہل کار زخمی ہو گیا تھا۔ جب کہ قیوم آباد ندی کے قریب ایک اور ٹریفک حادثے میں ریسکیو ذرایع کے مطابق ایک شخص جاں بحق ہو گیا تھا۔