کراچی کےعلاقے ڈیفنس خیابانِ بخاری کے گھر میں دو افراد کو دورانِ ڈکیتی قتل کردیا گیا۔واقعے میں گھر میں موجود میل نرس عمر فاروق زخمی بھی ہوا۔ملزم نواز کو پولیس نے گرفتار کرلیا ہے۔ پولیس کے مطابق بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب سابقہ گھریلو ملازم نواز مبینہ ڈکیتی کی غرض سے ڈیفنس خیابانِ بخاری کے گھر میں داخل ہوا۔ملزم نے مالک مکان اور ان کی اہلیہ کو قتل کردیا۔ واردات کے وقت گھرمیں جاوید،ان کی اہلیہ سلمیٰ، بیٹی اور ایک میل نرس عمر فاروق موجود تھے۔ پولیس کے مطابق واردات کے دوران گھر میں موجود میل نرس عمر فاروق بھی مزاحمت کرتے ہوئے زخمی ہوا۔امدادی ٹیموں نےلاشوں اور زخمی میل نرس کو جناح اسپتال منتقل کردیا۔ پولیس نے مزید بتایا ہے کہ مقتولین کی شناخت85 سالہ جاوید اور 80 سالہ سلمیٰ کے نام سے کی گئی ہے۔جاوید ریٹائرڈ بینکر تھے۔ مقتولین کی بیٹی نے پولیس کو بتایا ہے کہ ملزم نواز کو ڈيڑھ سال پہلے نوکری سے نکالاگيا تھا۔ اے ایس پی کلفٹن نے بتایا کہ واردات کےبعد مقتولین کی بیٹی نے پوليس کو 15 پر اطلاع دی،پولیس نے گھر سے فرار ہونے سے پہلے ملزم نوازکوگرفتارکرليا۔ملزم سے لوٹا ہوا سونا اور اسلحہ ملا ہے۔ واقعے کی مزید تفتیش کی جارہی ہے اور مکان کو سیل کردیا گیا ہے۔