کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں فلیٹ کی بوسیدہ چھت ٹوٹ کر گرنے سے ماں ، باپ اور بچہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔ پولیس کے مطابق علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ متاثرہ عمارت 25 سال پرانی ہے، جو خستہ حالی کے باعث بوسیدہ ہوتی جارہی ہے۔ اندوہناک واقعہ گلستان جوہر بلاک 7 میں پیش آیا۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئی اور ملبے سے تینوں افراد کی لاشیں نکال کر اسپتال منتقل کردی گئیں۔ علاقہ مکینوں کا مزید کہنا تھا کہ یہ 4 منزلہ رہائشی عمارت کہے، جس کی ی بالائی منزل کی چھت کا ايک حصہ ٹوٹ کر گرا۔ مرنے والوں کی شناخت اورنگزیب، شیزا اور عبدالہادی کے ناموں سے کی گئی ہے۔ علاقہ مکینوں کا مزید کہنا تھا کہ متاثرہ چھت خستہ حال تھی جس پر ٹائلز لگائے جارہے تھے۔ اضافی وزن پڑنے کے باعث حادثہ رونما ہوا۔ علاقے کے ایم ن اے عالمگير خان کا کہنا ہے کہ کے ڈی اے اور ایس بی سی اے اگر غیر قانونی تعمیرات کی اجازت نہ دیتی تو اس طرح کے حادثات رونما نہ ہوتے۔ ایس بی سی اے اور کے ڈی اے کا عملہ حادثے کے کئی گھنٹے گزر جانے بعد بھی نہ پہنچ سکا، جب کہ عمارت میں واقع دیگر فلیٹس میں اب بھی کئی خاندان رہائش پزیر ہیں، جن کی جانوں کو خطرہ لاحق ہے