کراچی: کورنگی انڈسٹریل میں شکار پور سے آئی ہوئی پولیس ٹیم نے گھر پر چھاپے کے دوران مبینہ طور پہ لوٹ مار کی۔ گزشتہ روز کورنگی انڈسٹریل ایریا، بلال کالونی میں رات گئے پولیس اہلکاروں نے گھر پر چھاپہ مارا اور مبینہ طور پر لوٹ مار بھی کی۔ متاثرہ خاندان کے نوجوان عرفان علی کے مطابق چھاپے کے دوران پولیس اہلکاروں نے ان کی والدہ کو مارا پیٹا اور گھسیٹا بھی جس سے وہ بے ہوش ہوگئیں جب کہ پولیس اہلکار گھر سے 3 لاکھ روپے اور 3 تولہ سونا بھی لوٹ کر لے گئے۔ عرفان علی نے بتایا کہ چھاپہ مارنے والے پولیس اہلکاروں نے بتایا کہ ان کا تعلق شکارپور سے ہے اور اہلکاروں کے ہمراہ لیڈی پولیس بھی نہیں تھی جب کہ پولیس اپنے ہمراہ ایک مہمان کو لے گئی۔ عرفان علی کا کہنا تھا کہ واقعہ کے وقت وہ گھر پر نہیں تھے،گھر پہنچ کر 15 پر پولیس کو اطلاع دی تو انہوں نے کہا آئی جی کمپلین نمبر 9110 پر فون کریں تاہم اس نمبر پر کسی نے فون نہیں اٹھایا جس کے بعد واقعہ کے خلاف ایڈیشنل آئی جی کو شکایت بھیجی ہے۔ دوسری جانب کورنگی انڈسٹریل پولیس کا کہنا ہے کہ شکارپور سے چھاپے کے لیے آنے والی پولیس پارٹی نے تھانے میں چھاپے کی انٹری کرائی تھی، پولیس پارٹی کا کہنا تھا کہ وہ لوگ قتل کے ملزم کی گرفتاری کے لیے آئے ہیں۔