کراچی: عالمی وبا قرار دیے جانے والے کورونا وائرس سے شہر قائد کے زیادہ متاثرہ علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن کرنے کی تجویز پیش کی گئی ہے۔ یہ تجویز ڈپٹی کمشنر ضلع غربی نے پیش کی ہے۔ انہوں نے اس ضمن میں کمشنر کراچی کو باقاعدہ مراسلہ بھیج دیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر ضلع غربی فیاض سولنگی کی جانب سے کمشنر کراچی کو بھیجے جانے والے مراسلے میں ذرائع کے مطابق کہا گیا ہے کہ منگھوپیر کی یوسی 5، بلدیہ کی یوسی 3 اور5 میں کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کی وجہ سے اسمارٹ لاک ڈاون کی ضرورت ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے اپنے مراسلے میں تجویز پیش کی ہے کہ سائٹ کی یوسی 4 اوریوسی 6 میں بھی اسمارٹ لاک ڈاون کرنے کی ضرورت ہے۔ ڈپٹی کمشنر ضلع غربی فیاض سولنگی کے مطابق مومن آباد کی یوسی 6 اورغازی آباد میں بھی اسمارٹ لاک ڈاون کرنے کی ضرورت ہے۔ ڈی سی ضلع غربی نے اپنے مراسلے میں منگھوپیرکی یوسی 6، کیماڑی کی یوسی 1، 2 اور 3 کو بھی کورونا وائرس کی وجہ سے ہاٹ اسپاٹ علاقوں میں شامل کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق کمشنر کراچی کو ڈپٹی کمشنر ضلع غربی کی جانب سے بھیجے جانے والے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ بلدیہ کی یو سی 4، 6 اور 7 بھی کورونا کے حوالے سے ہاٹ اسپاٹ ہیں۔ ڈپٹی کمشنر فیاض سولنگی نے کمشنر کراچی نام لکھے گئے مراسلے میں سائٹ کی یوسی 7، اورنگی کی یوسی گیارہ اور12 کو بھی ہاٹ اسپاٹ علاقوں میں شامل قرار دیا ہے۔