راولپنڈی میں تعینات انسپیکٹر یٰسین دوران ڈیوٹی مہلک وبا کا شکار ہوئے، سوشل میڈیا پر گردش کرتی تصویر دیکھ کر لوگ آبدیدہ ہوگئے راولپنڈی: کرونا وائرس کے شکار پنجاب پولیس کے بزرگ انسپکٹر کا انتقال سے قبل دوران علاج سلیوٹ، راولپنڈی میں تعینات انسپیکٹر یٰسین دوران ڈیوٹی مہلک وبا کا شکار ہوئے، سوشل میڈیا پر گردش کرتی تصویر دیکھ کر لوگ آبدیدہ ہوگئے ۔ تفصیلات کے مطابق کرونا وائرس کی مہلک وبا نے جہاں عام شہریوں کی زندگیاں چھین لیں، وہیں اس مہلک وبا نے فرنٹ لائن پر مقابلہ کرنے والے ڈاکٹرز، پولیس اہلکاروں اور دیگر عملے کی جان بھی لی ہے۔ ایسا ہی ایک افسوسناک واقعہ راولپنڈی میں پیش آیا، جہاں دوران ڈیوٹی کرونا وائرس کا شکار ہو ہو کر ایک بزرگ انسپیکٹر جان کی جازی ہار گئے۔ بتایا گیا ہے کہ یٰسین نامی بزرگ انسپیکٹر کرونا لاک ڈاون کے ایام میں خطرات کے باوجود اپنی ڈیوٹی انجام دیتے رہے، اور اسی دوران ان میں بھی کرونا وائرس کی تشخیص ہوئی۔ بعد ازاں انسپیکٹر یٰسین کو علاج کیلئے ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں اب ان کا انتقال ہوگیا ہے۔انسپیکٹر یٰسین کی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی، جسے دیکھ کر ہر شخص ہی آبدیدہ ہوگیا۔ انسپیکٹر یٰسین نے دوران علاج حالت غیر ہونے کے باوجود اپنے بستر سے سلیوٹ کیا، جس کی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔ عوام کی جانب سے انسپیکٹر یٰسین کو بھرپور خراج تحسین پیش کیا جا رہا ہے۔ لوگوں کی رائے میں انسپیکٹر یٰسین نے خطرات کے باوجود اپنی ڈیوٹی انجام دی، اور پھر اسی باعث وہ مہلک وبا کا شکار ہو کر جان کی بازی ہار گئے۔ اس لیے انہیں شہید انسپیکٹر یٰسین کہہ کر پکارا جائے۔ یہاں یہ واضح رہے کہ پاکستان میں کرونا وائرس کے باعث جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 3 ہزار سے زائد جبکہ کل کیسز کی تعداد 1 لاکھ 60 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے۔