ملتان : سپیشل جج اینٹی کرپشن نے کرپشن کے مقدمہ میں ملوث ریٹائرڈ ریٹائرڈ ڈی ایس پی مرزا لیاقت علی اور سابق کانسٹیبل بختاور علی سمیت 2 افراد کے بلاضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے اینٹی کرپشن حکام کو ہدایت کی ہے کہ ان کو گرفتار کرکے مقدمہ کی آئیندہ سماعت 3 جنوری کو عدالت کے روبرو پیش کریں۔ احتساب عدالت نے شہریوں سے موٹر سائیکل بکنگ کی مد میں کروڑوں روپے ہتھیانے کے مقدمے میں گرفتار 2 ملزموں اسلم اور اکرم کا جوڈیشل ریمانڈ منظور کرلیا ۔ مجسٹریٹ کورٹ نے نازیبا ویڈیوز بنا کر رقم کا مطالبہ کرنے اور دھمکیاں دینے کے مقدمہ میں گرفتار دو ملزمان محمد نبیل جنگ اور محمد فیصل ملک کا 4 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرنے کا حکم دیا ہے۔ سیشن کورٹ نے مقدمہ کی پیروی نہ کرنے والے ملزم گلزار احمد کو اشتہاری قرار دیتے ہوئے جلد گرفتار کرکے عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا ہے ۔ سیشن کورٹ نے واپڈا کی مین لائن میں ڈائریکٹ تار لگا کر بجلی چوری کرنے کے مقدمہ میں ملوث ملزم فیض بخش کی عبوری ضمانت میں پولیس سے 9 جنوری کو ریکارڈ طلب کرلیا ۔ مجسٹریٹ کورٹ نے کمسن بچے سے زیادتی کرنے کے مقدمہ میں ملوث ملزم اعجازکو چار روزہ جسمانی ریمانڈ پر پر پولیس کے حوالے کردیا ۔ پنجاب لیبر کورٹ نمبر 9 ملتان نے واپڈا گریڈ اسٹیشن کے ایس ایس او محمد امجد کی ایک سال کی ترقی روکنے اور اس پر 28 ہزار 8 سو روپے ہرجانہ عائد کرنے کے حکم پر عملدرآمد روکتے ہوئے حکم امتناعی جاری کرتے ہوئے واپڈا حکام کو 14 جنوری کو طلب کرلیا ۔ مجسٹریٹ کورٹ نے ڈکیتی کے مقدمہ میں ملوث تین ملزمان کا 4 روزہ جبکہ دو ملزمان کا 3 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرنے کا حکم دیا ہے۔ ہائیکورٹ ملتان بنچ کے جج جسٹس مجاہد مستقیم احمد نے جناح کالج آف انجینئرنگ روہیلانوالی کے 70 طلبہ کو رول نمبر سلپ جاری نہ کرنے کے خلاف درخواست پر سماعت کی اس موقع پر ٹیکنیکل ایجوکیشن بورڈ کے حکام کی جانب سے طلبہ کی رول نمبر سلپ عدالت میں جمع کرادی گئی ہیں۔ ہائیکورٹ ملتان بنچ نے حبس بے جا کی درخواست میں ڈی پی او وہاڑی کو حکم دیا ہے کہ محبوس خاتون ریحانہ صادق اور چھ ماہ کی بیٹی سعدیہ خان کو بازیاب کراکے 23 دسمبر کو عدالت کے روبرو پیش کیا جائے۔