آٹا وسیع پیمانے پر دستیاب اور کسی قسم کی کمی نہیں ، ضلعی صدر تحریک انصاف ملتان : تحریک انصاف ملتان کے ضلعی صدر و چیئر مین پی ایچ اے ملتان اعجاز حسین جنجوعہ نے کہا ہے کہ ملک میں کرپٹ مافیا نے گندم کا مصنوعی بحران پیدا کرنے کی کوشش کی لیکن حکومت بالخصوص مقامی انتظامیہ کی بروقت کاروائیوں سے حالات ابتر نہیں ہوئے ۔ آٹا ارزاں نرخوں پر وسیع پیمانے پر دستیاب ہے اور کسی قسم کی کوئی کمی نہیں، وزیر اعظم عمران خان کی نیک نیتی اور حب الوطنی پر کوئی شک نہیں، ماضی کی کرپٹ ترین حکومتوں کا بویا ہم کاٹ رہے ہیں۔ بیرونی و اندرونی قرضوں کی وجہ سے مشکل ترین معاشی فیصلے کئے تاکہ عارضی ریلیف کی بجائے قوم کو مستقل سہولیات فراہم کی جا سکیں اور ادارے درست سمت کی جانب سفر کریں۔ آئندہ تین ماہ میں مثبت معاشی صورتحال سامنے آنے والی ہے ۔پارٹی کارکنوں کو دیوار سے نہیں لگنے دیا اور آئندہ بھی ایسا کرنے کی ہر سازش ناکام بنا دوں گا۔ یہ پارٹی کسی فرد واحد کا ڈیرہ نہیں کہ جہاں ذاتی مفاد کے تحت فیصلے صادر کردئیے جائیں۔ عام انتخابات میں کی جانے والی ناانصافی تنظیم سازی میں برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار گزشتہ روز پارٹی رہنما نادر نواز خان کی جانب سے پارٹی کے نظریاتی رہنماؤں و کارکنوں کے اعزاز میں منعقدہ خصوصی استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔