جگرکے ٹکڑوں کے نذرانے پیش کرنے پر کشمیری مائوں کو سلام پیش کرتا ہوں،خالد عراقیجوقومیں جدوجہد کرتی ہیں انہیں آزادی نصیب ہوتی ہے ،جامعہ کراچی میں تقریب سے خطاب کراچی : جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر نے کہا ہے کہ میں کشمیری ماؤں کوسلام پیش کرتا ہوں جوآزادی کے حصول کے لئے اپنے جگر کے ٹکڑوں کے نذرانے پیش کرتے کرتے نہیں تھکیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ کراچی میں انتظامی عمارت کے سبزہ زار پریوم یکجہتی کشمیر منانے کی تقریب سے خطاب میں کیا۔ اس موقع پر تمام رؤسائے کلیہ جات، پروفیسر ڈاکٹر اقبال چودھری، رجسٹرار جامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر سلیم شہزاد، صدور شعبہ جات ،طلبا و طالبات اور ملازمین کی کثیر تعداد موجود تھی۔ شیخ الجامعہ نے مزید کہا کہ بھارت نے گزشتہ ستربرس اور بالخصوص گزشتہ چھ ماہ سے کشمیریوں پر جو مظالم ڈھائے ہیں وہ انسانیت کے لئے شرمندگی ہے ، کشمیر کا مسئلہ صرف مسلمانوں کا مسئلہ نہیں ،بلکہ انسانی حقوق کا مسئلہ ہے ۔میں اس بات پر یقین رکھتا ہوں کہ جو قومیں آزادی کے لئے جدوجہد کرتی ہیں اللہ تعالیٰ انہیں آزادی نصیب فرمادیتے ہیں۔ بحیثیت پاکستانی ہم سب کو اس بات پر فخر ہونا چاہئے کہ دنیا بھر میں پاکستان واحد نظریاتی ریاست ہے جس میں اقلیتوں کو سب سے زیادہ حقوق حاصل ہیں ان کی حفاظت پاکستانی حکومت اور تمام ادارے اپنا فرض سمجھتے ہیں لیکن بھارت کی پالیسیاں ظلم اور بربریت سے بھری ہوئی ہیں اور بھارت کے موجودہ وزیر اعظم نریندرمودی کی پالیسیوں نے انسانیت کا سرشرم سے جھکادیا ہے ۔ تقریب کے اختتام پر شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی کی قیادت میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لئے انتظامی عمارت تا آزادی چوک واک بھی کی گئی۔