شہر کی آدھی آبادی کے مکمل تعاون سے ملتان کلین گرین مہم میں کامیاب ہوگا ملتان: بیگم کمشنر سیدہ عرشیہ خورشید نے کہا ہے وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق کلین گرین پاکستان مہم کو کامیاب بنانے میں خواتین کا کلیدی کردار ہے ۔ یہ ایک مہم نہیں،ہماری نسل نو کی بقا اور مستقبل ہے ۔اس مقابلے میں ملتان کی کامیابی کیلئے ملتان کی خواتین انتظامیہ کا ساتھ دیں۔شہر کی آدھی آبادی کے مکمل تعاون سے ملتان کلین گرین مہم میں کامیاب ہوگا۔ سیمینا ر سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا خواتین کے فعال کردار کے بغیر معاشرے کی ترقی ناممکن ہے ۔ کلین گرین پاکستان انڈکس مہم میں ملتان کی خواتین بھی پرعزم رہیں اور اپنا مثبت کردار ادا کریں،کوڑا کرکٹ گھر سے باہر پھینکنے کے بجائے ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے کوڑادانوں میں ڈالیں۔ پلاسٹک کے ڈبوں کو ری سائیکل کریں،پلاسٹک بیگ کے استعمال سے گریز کریں اور استعمال کے بعد اس کو صحیح طریقے سے تلف کریں ورنہ یہ سیوریج سسٹم کی خرابی کا باعث بنتے ہیں۔ خواتین کی چھوٹی چھوٹی احتیاط سے معاشرے میں مثبت تبدیلی لائی جاسکتی ہے اور کلین گرین مہم کو کامیاب بنایا جاسکتا ہے ۔بیگم کمشنر نے مزید بتایا کہ اس مہم میں کامیاب ہونے والے شہر کو حکومت کی جانب سے سپیشل ترقیاتی پیکیج بھی دیا جائے گا۔ بیگم کمشنر نے صنعت زار کا دورہ بھی کیا اور خواتین سے بات چیت بھی کی۔