تازہ ترین

کنارے ٹوٹ،گرین بیلٹس اجڑ گئیں:بھینسیں نہلانے سے نہر کا حسن تباہ

کنارے-ٹوٹ،گرین-بیلٹس-اجڑ-گئیں:بھینسیں-نہلانے-سے-نہر-کا-حسن-تباہ

لاہور: حکومتی اداروں کی مبینہ غفلت کے باعث شہر کی اکلوتی نہر بھینسوں کے سوئمنگ پول میں بدل گئی، کینال روڈ ہربنس پورہ انڈر پاس کے قریب گوالوں نے بھینسیں نہلانے کیلئے نہر کے کنارے توڑ دئیے ،گرین بیلٹس تباہ ہوگئیں لیکن متعلقہ اداروں نے چپ سادھ رکھی ہے ۔ ایل ڈی اے ،محکمہ آبپاشی، کینال کمشنر اور پی ایچ اے ذمہ داری لینے سے گریزاں ہیں۔ دنیا سروے کے مطابق ہربنس پورہ رنگ روڈ انٹرسیکشن سے جلو تک نہری قوانین کی دھجیاں بکھیری جارہی ہیں، ضلعی حکومت نے نہر میں انسانوں کے نہانے پر پابندی عائد کی ہے مگر ہربنس پورہ اور ملحقہ علاقوں کے گوالے اپنی بھینسوں کو نہر میں نہلانے کے لیے لاتے ہیں، اس مقصد کے لئے ایک خاص منصوبہ بندی کے تحت نہر کے کنارے توڑے گئے ہیں اور باقاعدہ ایسی ڈھلوان کا راستہ بنایا گیا ہے جس سے بھینسیں بآسانی نہر میں جاکر نہا سکیں ، اس آڑ میں سرکاری املاک کو نقصان پہنچ رہا ہے ،نہر کی گرین بیلٹس میں لگی گھاس خراب ہوچکی ہے جبکہ پی ایچ اے کی طرف سے لگائے گئے پودے بھینسیں کھا چکی ہیں۔ اسی طرح ایل ڈی اے کی جانب سے جلو موڑ سے ہربنس پورہ تک سڑک کی کارپٹنگ کی جارہی ہے جو ان بھینسوں کی وجہ سے مکمل ہونے سے پہلے ہی خراب ہو رہی ہے اور ایل ڈی اے کی جانب سے نہر میں بھینسوں اور شہریوں کا داخلہ روکنے کے لیے کوئی اقدامات نہیں کئے گئے ۔ گرین بیلٹس کے خراب ہونے اور بھینسوں کے ڈیرے سے تفریح کے لیے نہر کنارے آنے والے لوگوں کو مشکلات کا سامنا جبکہ نہر کا حسن بھی تباہ ہورہا ہے ۔ روزنامہ دنیا سروے میں عرفان ہاشمی کا کہنا تھا نہر کے کنارے ٹوٹنے سے نہر کا حسن تباہ ہو رہا ہے ، ریاض حسین نے کہا علاقے کے گوالے اپنی بھینسوں کو اکثر یہاں لے آتے ہیں اور جہاں راستہ موجود نہ بھی ہو، وہاں بھی غیر قانونی طور پر ڈھلوان بنا لیتے ہیں۔

زیادہ پڑھی جانےوالی خبریں