کراچی: جہاں ملک میں کورونا وائرس کے کیسز عروج پر ہیں وہیں ملک کے تقریباً تمام بڑے ہسپتالوں کی صلاحیت بھی تیزی سے کم ہوتی جارہی ہے۔ سندھ کے محکمہ صحت کے مطابق مجموعی طور پر 22 نجی اور سرکاری ہسپتال کورونا وائرس کے مریضوں کا علاج کر رہے ہیں۔ ان 22 ہسپتالوں میں سے کل ایک ہزار 48 آئیسولیشن بیڈز تھے جن میں سے پیر (8 جون) تک 173 بھرے ہوئے تھے اور 875 خالی تھے۔ سندھ میں مجموعی طور پر ہائی ڈپینڈنسی یونٹز (ایچ ڈی یو) میں کل 486 بستر ہیں جن میں سے 237 بھرے ہوئے ہیں۔ کورونا وائرس کے مریضوں کے لیے ان ہسپتالوں کے انتہائی نگہداشت یونٹز (آئی سی یو) میں 240 وینٹی لیٹرز ہیں جن میں سے 60 پر مریض موجود ہیں۔