حکومت کو پہلے ہی اہلسنّت خدمت فاؤنڈیشن کے رضاکار دینے کا اعلان کرچکے ہیںکورونا کو پھیلنے سے روکنے کیلئے مستحقین کو راشن اور ریلیف فنڈگھرگھر پہنچانا ہوگا کراچی: سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ کورونا کو پھیلنے سے روکنا ہے تو مستحقین کو راشن اور ریلیف فنڈگھرگھر پہنچانا ہوگا،فلاحی وسماجی تنظیموں نے راشن کی تقسیم کے حوالے سے بڑا کردار ادا کیا ہے ،گھرگھر راشن اور ریلیف فنڈ کی تقسیم کے لئے پہلے سے ہی پولیو ورکرز موجود ہیں ان کے ساتھ ٹائیگرز فورس کے نمائندے بھی شامل کرکے خدمات کو یقینی بنایا جائے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی رہائشگاہ قادری ہاؤس پر اہلسنت خدمت فاؤنڈیشن کے تحت راشن کے سامان کا جائزہ لیتے ہوئے کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کے لاک ڈاؤن کے حامی ہیں مگر غریب کو بھوکا بھی نہیں دیکھا جاسکتا،حکومت کی پالیسیوں کے مخالف نہیں مگر عوام کو راشن وریلیف فنڈ کو فوری دینے کے انتظامات کئے جائیں،حکومت کو پیشگی طور پر اہلسنت خدمت فاؤنڈیشن کے رضاکار دینے کا اعلان کرچکے ہیں،کورونا ٹائیگرز فورس کیلئے بھی حکومت کے ساتھ ہرممکن تعاون کرنے کو تیار ہیں، ہر قسم کے مفادات سے بالاتر ہوکر عوام کو کورونا سے بچانے اور معاشی ریلیف کو ہنگامی بنیادوں پر یقینی بنایا جائے حکومت،عوام اور تمام اکائیاں یکجہتی سے ہی کورونا وائرس کو مات دے سکتی ہیں،کورونا وائرس کو ختم کرنے کیلئے ایک دوسرے کو نیچا نہیں دکھانا چاہیے بلکہ یکجہتی اور بلند حوصلے کے ساتھ ملک سے کورونا وائرس کا صفایا کیا جائے ۔ثروت اعجاز قادری کا کہنا تھا کہ اہلسنّت خدمت فاؤنڈیشن کے رضا کار ملک بھر میں غرباء ومستحقین کی مدد کیلئے جدوجہد تیز کردیں۔