حفاظت یقینی بنانے کیلئے حفاظتی سازو سامان کی فراہمی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہےعمران اسماعیل سے اوورسیز ڈاکٹروں کے وفد کی ملاقات، 150 حفاظتی سوٹس کا عطیہ دیا کراچی : گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کورونا کے خلاف جنگ میں ڈاؤ یونیورسٹی سے فارغ التحصیل ڈاکٹرز کے جذبے کی تعریف کرتے ہوئے ڈاکٹرز اور طبی عملہ کے لئے مقامی طور پر حفاظتی لباس کی تیاری کو خوش آئند قرار دیا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اوورسیز ڈاکٹرز کے وفد سے گورنر ہاؤس میں ملاقات کے دوران کیا ۔ وفد نے کورونا وائرس کے مریضوں کی دیکھ بھال میں مصروف ڈاکٹرز و طبی عملے کے لئے 150 حفاظتی سوٹس کا عطیہ گورنر سندھ کو پیش کیا۔ اس موقع پر گورنر سندھ کے مشیر امید علی جونیجو بھی موجود تھے ۔ وفد میں ایڈیشنل ڈائریکٹر ڈاؤ اوجھا کیمپس کنور محمد علی ، محمد ساجد خان ڈائریکٹر ایکسٹریم سولیوشنز پرائیویٹ لمیٹڈ اور عاطف علی خان ڈائریکٹر پروکیورمنٹ سر سید یونیورسٹی شامل تھے ۔ واضح رہے کہ ڈاکٹر طارق خان اور بیرون ملک مقیم دیگر ڈاکٹرز کے مالی تعاون سے مختلف اسپتالوں کے ڈاکٹرز اور طبی عملے کو اب تک 1000 پی پی ای سوٹس فراہم کئے جا چکے ہیں۔ گورنرسندھ نے کہا کہ ڈاکٹرز اور طبی عملہ کورونا کے خلاف جنگ میں فرنٹ لائن سولجرز ہیں اور انہیں حفاظتی سازو سامان کی فراہمی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے تاکہ ان کی ذاتی حفاظت کو یقینی بنایا جاسکے ۔ گورنر سندھ نے کہا کہ کورونا کے خلاف جنگ میں پاکستانی قوم پوری طرح متحد ہے اور ہر شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد اپنی بساط کے مطابق اس وائرس پر کنٹرول کی کاوشوں میں شامل ہیں جوکہ ایک زندہ قوم کی واضح نشانی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ لاک ڈاؤن کے شکار افراد کو راشن کی فراہمی کے لئے بھی بھرپور اقدامات کئے جارہے ہیں۔