50 بیڈز کے ایک وارڈ کو بھی کورونا مریضوں کیلئے مختص کر دیا :ڈاکٹر عاصم یوسف لاہور: شوکت خانم میموریل ہسپتال اور ریسرچ سنٹر میں کینسر کے ساتھ ساتھ کورونا وائرس سے لڑنے کے لیے بھی انتظامات کیے جا رہے ہیں۔ اس وقت ہم بیک وقت کورونا اور کینسر جیسے دو مشکل ترین محاذوں پر لڑ رہے ہیں ۔ شوکت خانم ہسپتال کے پاس وبائی امراض سے بچاؤ، کنٹرول اور علاج کے لیے جوانتظامات ہیں وہ شائد سارے ہسپتالوں میں موجود نہ ہوں۔ اسی لیے ہم ٹیلی ویژن ، اخبارات اور اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے کورونا وائرس کے بارے میں عام عوام اور ہیلتھ کیئر پروفیشنلز کے لیے آگاہی پھیلا نے میں سر گرم ہیں۔ ان خیالات کا اظہار شوکت خانم ہسپتال کے چیف میڈیکل آفیسر ڈاکٹر محمد عاصم یوسف نے میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہاکہ ایمرجنسی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہسپتال میں وینٹی لیٹرز سے لیس 35بیڈزکا انتہائی نگہداشت یونٹ قائم کر دیا ہے ۔ اسی طرح 50 بیڈز کے ایک وارڈ کو بھی کورونا وائرس کے مریضوں کے لیے مختص کر دیا ہے ۔ ہسپتال کے گراؤنڈ میں ایک بڑی مارکی لگائی جا چکی ہے جہاں تمام سہولیات سے لیس کووڈ کیمپ بھی قائم کر دیا گیا ہے ،جہاں کورونا وائرس کے مریضوں کو ابتدائی معائنہ اور طبی امداد فراہم کی جائے گی ،اگر کسی مریض کی حالت زیادہ خراب ہو تو اسے انتہائی نگہداشت یونٹ میں منتقل کر دیا جائے گا۔