آٹے سمیت اشیائے خوردونوش کی کوئی قلت نہیں، راشن تقسیم کرنے کے موقع پر خطاب راولپنڈی : کورونا کنٹرول ومانیٹرنگ پروگرام راولپنڈی ڈویژن کے انچار ج اوروزیر خواندگی و غیر رسمی بنیادی تعلیم راجہ راشد حفیظ نے کہا کہ کورونا سے پیدا ہونے والی صورتحال کے باعث حکومتی اقدامات سے کوئی بھی مستحق خوراک اور دیگر اشیائے ضروریہ سے محروم نہیں رہے گا ۔ وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے حکومتی امداد مستحقین تک پہنچا کر سپیڈ کا نیا ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔ انہوں نے یہ بات حلقہ پی پی 16کی مختلف یونین کونسلوں میں اپنی ذاتی جیب سے مستحق لوگوں میں آٹے کے تھیلے تقسیم کرتے ہوئے کہی۔ راجہ راشد حفیظ نے کہا کہ عوام کورونا وائرس کو شکست دینے کی حکومتی کوششیں کامیاب بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔ اپوزیشن کے نام نہاد ترجمان ہر جگہ آٹے کا بحران پیدا کئے بیٹھے ہیں جس کا کوئی سر ہے نہ پیر۔ آٹے سمیت پنجاب بھر میں اشیا ئے خورد و نوش کی کوئی قلت نہیں۔ اپوزیشن کو اس کڑے وقت میں افراتفری پھیلانے کے حامل ایسے بیانات کے بجائے عملی میدان میں عوام کی مدد کرنی چاہیے ۔ سیاسی پوائنٹ سکورنگ کی ناکام کوششوں پر اپنی توانائیاں صرف کرنے کے بجائے ملک اور قوم کی حقیقی خدمت کریں ۔ دریں اثناء صوبائی وزیر نے شہر کے مختلف قرنطینہ سنٹروں میں مریضوں کی تعداد ، ان کی صحت یابی کی شرح اور سہولیات کے حوالے سے متعلقہ حکام سے بریفنگ لی اور ہدایت کی کہ کسی بھی مرحلے پر کوئی سستی ، غفلت یا لاپرواہی نہ برتی جائے۔