تازہ ترین

کوٹری:پولیس سرپرستی میں منشیات کی کھلے عام فروخت جاری

کوٹری:پولیس-سرپرستی-میں-منشیات-کی-کھلے-عام-فروخت-جاری

چوری اورلوٹ مار کی وارداتوں میں اضافہ،افسران بھاری رشوت لیکر خاموش علاقہ مکین پریشان ،شہری وسماجی حلقوں کا فوری ایماندارافسر کی تعیناتی کا مطالبہ کوٹری : کوٹری کے علاقوں میں کھلے عام منشیات اور جوئے کے اڈے پولیس کی مبینہ سرپرستی میں چل رہے ہیں۔کوٹری تھانے میں تعینات ایس ایچ او قربان قمبرانی نے ایس ایس پی جامشورو امجد احمد شیخ اور آئی جی سندھ کے واضح احکامات کو یکسر مسترد کرتے ہوئے سماجی برائیوں اور جرائم پیشہ عناصر کو کھلی چھوٹ دے رکھی ہے ۔ متعدد علاقوں دریا بند ،شاہی بازار، بروہی محلہ،نانگولائن ،ریلوے کالونی،مسلم ٹاؤن ،خدا کی بستی، خورشید کالونی ،لیبر کالونی سمیت دیگرعلاقوں میں چرس، ہیروئن ،شیشہ ،مین پوری اورگٹکا سمیت انڈین سپاری کی فروخت مبینہ منتھلی کے عوض جاری ہے جبکہ جوئے کے اڈے بھی جدیدطریقوں سے چلائے جا رہے ہیں ۔ جواری موبائل واٹس ایپ گروپ تشکیل دیکر سٹے کے نمبر واٹس ایپ پربھیج دے دیتے ہیں۔ کوٹری میں گزشتہ کئی ماہ سے مضرصحت اشیاء اور سماجی برائیوں کی روک تھام کے لئے بھر پورمہم چلائی جارہی تھی مگرایس ایچ او کوٹری کی تعیناتی کے بعد جرائم پیشہ عناصر کو کھلی چھوٹ مل چکی ہے اور پولیس کارروائیوں میں بھی سست روی نظر آرہی ہے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ایس ایچ او کوٹری قربان قمبرانی کو بااثر سیاسی شخصیت کی پشت پناہی حاصل ہے جس کی وجہ سے وہ سیاہ وسفید کا مالک بنا ہوا ہے ،حالیہ چند روز قبل کوٹری کے رہائشی نے ایس ایس پی جامشورو کو شراب خانہ سے مسلمانوں اور نوجوانوں کو کھلے عام شراب فروخت کی تحریری شکایت درج کرائی تھی جس پر ایس ایس پی جامشورو امجد احمد شیخ نے ڈی ایس پی کوٹری سے تین روز میں امن وامان سے متعلق رپورٹ مانگی تھی مگر شہری کی شکایت پر کوئی عملی کارروائی نہیں کی جاسکی۔اس سلسلے میں شہری وسماجی حلقوں نے حکام سے فوری کوٹری میں ایماندار افسر کی تعیناتی کا مطالبہ کیا ہے۔

زیادہ پڑھی جانےوالی خبریں