کراچی : وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے محکمہ صحت کو کچی آبادیوں میں کورونا وائرس کی موبائل ٹیسٹنگ کی سہولت شروع کرنے کی ہدایت کی ہے۔ اتوار کو جاری اعلامیہ میں انہوں نے کہا کہ میں مختلف لیبارٹریوں کو اضافی کٹس مہیا کرنے کے لئے تیار ہوں ، کچی آبادیوں کے مثبت کیسز آئسولیشن میں منتقل کردیئے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ کراچی میں کچی آبادی میں بڑی تعداد میں مثبت کیسز سامنے آرہے ہیں، کچی آبادیوں میں لوگوں کے گھروں میں الگ تھلگ رہنے کی جگہ نہیں ہے لہذا انہیں آئسولیشن مراکز میں منتقل کردیا جائے گا۔مراد علی شاہ نے کہا کہ 11 اسپتالوں اور لیبارٹریوں میں روزانہ 3520 ٹیسٹ کی گنجائش ہے۔ ان میں اے کے یو ، انڈس ، سول ، اوجھا ، پی این ایس ، جے پی ایم سی ، ایس آئی یو ٹی ، ضیاءالدین ، چغتائی اور جی آئی ایم سی گمبٹ شامل ہیں۔ علاوہ ازیں وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ایک اور اجلاس میں مستحق افراد میں راشن بیگ کی تقسیم کا جائزہ لیا۔ اجلاس میں وزیر محنت سعید غنی ، وزیر توانائی امتیاز شیخ ، وزیر اطلاعات ناصر شاہ ، مشیر قانون مرتضیٰ وہاب نے شرکت کی۔ وزیراعلی سندھ کو بتایا گیا کہ مستحق افراد کو ان کی دہلیز پر 2 لاکھ کے قریب راشن بیگ فراہم کیے گئے ہیں۔ تقسیم کا یہ کام صبح سویرے ہوتا ہے۔ ڈپٹی کمشنر اور ان کی ٹیمیں کام کر رہی ہیں اور وقتاً فوقتاً ایک صوبائی وزیر تقسیم کے کام کا معائنہ کرتا ہے۔ وزیر اعلی سندھ نے ایک بار پھر راشن کی تقسیم کے کام کو مخفی رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔