کراچی: سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں مفتی تقی عثمانی نے کہا کہ کورونا، ڈینگی، ٹڈی دل، زلزلے کیا ہمارے تھوڑے تازیانے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کیا اب بھی وقت نہیں آیا کہ امت حرام کھانا چھوڑ دے اور گناہ سے توبہ کرے، اپنے گناہوں سے توبہ کرکے اللہ تعالیٰ کو منانے کی کوشش کی جائے۔ انہوں نے کہاکہ ہم کورونا وبا سے پریشان لوگوں کی مدد کرنے کے بجائے ان حالات میں بھی ناجائز منافع کمانے میں مصروف ہیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ گھروں میں بیٹھ کر لوگ روزانہ کم از کم 100 بار آیت کریمہ کا ورد کریں، خود کو گھروں میں مخصوص کرلیں اور کھانے پینے سے پہلے سنت نبوی ؐ کے مطابق بسم اللہ پڑھیں۔ مفتی تقی عثمانی نے دعا کی کہ اللہ اہل وطن اور تمام انسانوں کو اس موذی وبا سے محفوظ رکھے ۔