تازہ ترین

کے الیکٹرک کا نیا ٹیرف, عام گھریلو صارف پر 1500 روپے کا اضافی بوجھ

کے-الیکٹرک-کا-نیا-ٹیرف,-عام-گھریلو-صارف-پر-1500-روپے-کا-اضافی-بوجھ

تین سو یونٹ استعمال کرنے والے یا بجلی کا ساڑھے تین سے چار ہزار روپے بل ادا کرنے والے صارفین کا اوسط بل 5000 روپے تک پہنچ سکتا ہے،ذرائع وضاحتوں پر اعتبار نہیں ،مہنگائی کرنے کے انداز بدل گئے ،سیاسی رہنماؤں اور عوام کاموقف،صارفین پر سارا بوجھ نہیں پڑے گا،ترجمان کے الیکٹرک نور افشاں کراچی: کے الیکٹرک کے نئے ٹیرف کے اعلان کے ساتھ ہی کراچی کے شہریوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے ۔ نیا ٹیرف براہ راست صارفین پر مکمل طور پر لاگو ہونے کی صورت میں عام گھریلو صارف پر 1500 روپے کا اضافی بوجھ پڑ سکتا ہے۔ ذرائع کے مطابق 300 یونٹ استعمال کرنے والے یا بجلی کا ساڑھے تین سے چار ہزار روپے بل ادا کرنے والے صارفین کا اوسط بل 5000 روپے تک پہنچ سکتا ہے۔ ترجمان کے الیکٹرک اور نیپرا کی جانب سے وضاحت کی گئی ہے کہ کے الیکٹرک صارفین بجلی کی اضافی قیمت ادا نہیں کریں گے ،قیمتوں کو یکساں رکھنے کیلئے حکومت پاکستان سبسڈی فراہم کرتی ہے۔ ان وضاحتوں کے باوجود حکومت سندھ، سیاسی جماعتوں اور صارفین نے نئے ٹیرف کو مسترد کردیا ہے ،ان جماعتوں کے رہنماؤں اور عام صارفین کا کہنا ہے کہ انہیں وضاحتوں پر اعتبار نہیں ہے ، مہنگائی کرنے کے انداز بدل گئے ہیں،اب جھوٹ بول بول کر مہنگائی کی جاتی ہے۔ تفصیلات کے مطابق نیشنل پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کی جانب سے کے الیکٹرک صارفین کے لیے بجلی 4 روپے 87 پیسے مہنگی کرنے کی منظوری دے دی گئی ہے۔ اس طرح کے الیکٹرک کا اوسط نرخ 12 روپے 82 پیسے سے بڑھ کر 17 روپے 69 پیسے فی یونٹ ہوجائیگا۔ نیپرا ذرائع کے مطابق اضافے کا اطلاق وفاقی حکومت کی منظوری کے بعد ہی ہوسکے گا۔دریں اثناء نیپرا کی جانب سے بجلی کی قیمت میں اضافے کی منظوری اور وفاقی حکومت کی جانب سے نوٹی فکیشن کے بعد اس کا اثر عام صارف پر ہوگا یا نہیں ،یہ بحث ابھی جاری ہے۔ دوسری جانب کے الیکٹرک کی ترجمان ہیڈ آف کارپوریٹ کمیونیکیشن نور افشاں کے مطابق صارفین پر سارا بوجھ نہیں پڑے گا۔حکومت کی یونیفارم ٹیرف پالیسی ہے ،وزارت توانائی کے نوٹی فکیشن کے بعد ہی فیصلے کا اطلاق ہوگا اور بوجھ کا بڑا حصہ وفاقی حکومت سبسڈی کی صورت میں ادا کرے گی۔ ادھر ترجمان نیپرا نے بھی وضاحت کی ہے کہ کے الیکٹرک صارفین حالیہ اضافہ ادا نہیں کریں گے، حکومت سبسڈی فراہم کرے گی۔کے الیکٹرک صارفین سمیت پورے ملک میں بجلی کی قیمت یکساں ہے ۔ ترجمان کے مطابق نیپرا مختلف کمپنیوں کیلئے مختلف ٹیرف جاری کرتا ہے حکومت اسے یکساں بناتی ہے ، اس مقصد کیلئے حکومت مختلف کیٹیگریز کو سبسڈی دیتی ہے ، سبسڈی کے الیکٹرک صارفین کو بھی فراہم کی جاتی ہے۔

زیادہ پڑھی جانےوالی خبریں