تازہ ترین

کے الیکٹرک کی نا اہلی پھر کھل کر سامنے آگئی، حافظ نعیم

کے-الیکٹرک-کی-نا-اہلی-پھر-کھل-کر-سامنے-آگئی،-حافظ-نعیم

کراچی :جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمن نے کے الیکٹرک کی جانب سے شہر میں طویل غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ اور بریک ڈاؤن کے باعث شہر کے بیشتر علاقوں سے بجلی غائب ہونے پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کے الیکٹرک کی نا اہلی اور ناقص کارکردگی ایک بار پھر کھل کر سامنے آگئی ہے ،گرمی کی شدت میں اضافہ ہوتے ہی واٹر بورڈ کے پمپنگ اسٹیشنوں بالخصوص دھابیجی پر بجلی کے بریک ڈاؤن بڑھنے لگے ہیں جس سے شہر کوپانی کی سپلائی متاثر ہورہی ہے ۔ انہوں نے مزید کہاکہ بجلی بحران پر قابو پانے کے لیے کے الیکٹرک خود کوئی ٹھوس اقدامات نہیں کرتی، جب تک کے الیکٹرک کے خلاف سخت کارروائی نہیں کی جائے گی اور اسے پیداوار بڑھانے و ناقص ترسیلی نظام بہتر کر نے پر مجبور نہیں کیا جائے گا کراچی میں بجلی کا بحران ختم نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ عید پر شہر کے مختلف مقامات پر کئی کئی گھنٹوں تک بجلی غائب رہی،حکومت بجلی کی بندش سے پیدا ہونے والی سنگین صورتحال کا نوٹس لے اور عوام کو لوڈ شیڈنگ کے عذاب سے نجات دلائے ۔حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ کے الیکٹرک وفاقی حکومت کے ماتحت ادارہ ہے ، پی ٹی آئی کی حکومت کا فرض ہے کہ وہ اس کا نوٹس لے ، سندھ حکومت بھی اس صورتحال سے خود کو بری الذمہ قرار نہیں دے سکتی۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کے ڈھائی کروڑ سے زائد عوام کے اس مسئلے کو حل کرانے کے لیے سندھ حکومت کو بھی اپنا کردار اداکرنا چاہیے۔

زیادہ پڑھی جانےوالی خبریں