کراچی: میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کے ایم سی کے ان اسپتالوں میں کورونا وائرس کے ٹیسٹ شروع کئے جارہے ہیں جہاں لیبارٹریز موجود ہیں، شہریوں کو بچانے کی خاطر کے ایم سی کے ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف فرنٹ لائن پر کام کر رہا ہے، پانچ ڈاکٹرز اور 7 پیرامیڈیکل اسٹاف کا کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آیا ہے ۔ یہ بات انہوں نے ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف کو خراج تحسین پیش کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ میٹرو پولیٹن کمشنر ڈاکٹر سید سیف الرحمن، سینئر ڈائریکٹر کو آرڈی نیشن مسعود عالم، سینئر ڈائریکٹر میڈیکل سروسز ڈاکٹر سلمیٰ علی، ماڈل بشا عباس، واسع عباس اور کے ایم سی اسپتالوں کے تما م میڈیکل سپرنٹنڈنٹس، ڈاکٹرز، نرسز اور پیرا میڈیکل اسٹاف بھی اس موقع پر موجود تھا۔ میئر کراچی نے کہا کہ دنیا کو اس وقت مشکلات کا سامنا ہے اور بڑے بڑے ممالک کی معیشت بھی اس وبا کی وجہ سے تباہ ہو رہی ہے ۔ میئر کراچی وسیم اختر نے پرائیویٹ سیکٹرز سے اپیل کی کہ وہ آگے آئیں اور تنگ دست اور روزمرہ کام کرنے والے افراد کی مدد کریں تاکہ وہ اپنے گھر والوں اور خاندان کا گزر بسر کرسکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کے ایم سی کے مختلف اسپتالوں میں چالیس وینٹی لیٹرز موجود ہیں جبکہ چار اسپتالوں میں فلٹرز کلینک بنا دیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت تنہا کچھ نہیں کرسکتی، شہری حکومت کا ہاتھ بٹائیں اور اس کڑے وقت میں حکومت کا ساتھ دیں تاکہ ہم جلد سے جلد اس کورونا وائرس سے پیدا ہونے والی صورت حال سے نکل سکیں۔