تازہ ترین

کے ایم سی: مارکیٹوں کا کرایہ فوری وصول نہ کرنے کا فیصلہ

کے-ایم-سی:-مارکیٹوں-کا-کرایہ-فوری-وصول-نہ-کرنے-کا-فیصلہ

کراچی: میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ کے ایم سی کی تمام مارکیٹوں اور دکانوں کا ماہ اپریل اور مئی کاکرایہ فوری وصول نہیں کیا جائے گا، ان مہینوں کا کرایہ آنے والے چار ماہ کے کرائے میں تقسیم کرکے لیا جائے گا تاکہ چھوٹے کاروبار کرنے والے دکانداروں کو ریلیف مل سکے، کورونا وائرس اور لاک ڈاؤن کے باعث لوگ اعصابی تناؤ کا شکار، انتہائی فکر مند اور پریشان ہیں، ہمیں حفاظتی اقدامات اپناتے ہوئے چھوٹے کاروبار، الیکٹرونکس، فرنیچر اور کلاتھ مارکیٹوں کو کھولنا پڑے گا، بصورت دیگر ان لوگوں کے گھروں میں فاقوں کی نوبت آجائے گی اور وہ اپنے ملازمین کو تنخواہیں ادا نہیں کرسکیں گے۔ یہ بات انہوں نے پیر کو فریئر ہال میں آل کراچی تاجر اتحاد کے چیئرمین عتیق میر کی سربراہی میں ملنے والے 10 رکنی وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر ڈپٹی میئر سید ارشد حسن، سینئر ڈائریکٹر کو آرڈی نیشن مسعود عالم، سینئر ڈائریکٹر اینٹی انکروچمنٹ بشیر صدیقی، تاجر اتحاد کے رہنما عبدالحئی خان، محمد اکرم رعنا، الطاف لالہ اور دیگر بھی موجود تھے۔ میئر کراچی نے مزید کہا کہ کراچی میں 6 لاکھ سے زائد دکانیں ہیں جن سے شہریوں کو روزگار میسر آتا ہے، لاک ڈاؤن کو کئی روز گزر گئے اب عوام یہ برداشت نہیں کرسکتے کہ کاروبار مسلسل بند رہے۔ انہوں نے کہا کہ مارکیٹیں کھولنے کے لئے دنوں کا تعین کیا جاسکتا ہے ، دکانداروں اور گاہکوں پر یہ لازم ہوگا کہ وہ حکومت کی جانب سے جاری کردہ ایس او پیز پر عمل کریں۔ میئر نے تاجروں سے درخواست کی کہ وہ ہر مارکیٹ میں اپنے تین سے چار ایسے فعال نمائندے مقرر کریں جو اس بات کو یقینی بنائیں کہ کورونا سے بچنے کے لئے دکاندار اور خریدار تمام حفاظتی اقدامات اپنائے ہوئے مارکیٹوں و دکانوں میں داخل ہوں، تمام مارکیٹوں میں اس سلسلے میں بینرز آویزاں کئے جائیں اور اگر ممکن ہو تو ہینڈ بلز کے ذریعے اشتہاری مہم بھی چلائی جائے، گوشت، دودھ، سبزی وفروٹس اور سپر اسٹورز پر اکثر دیکھنے میں آرہا ہے کہ شہری کورونا سے بچنے کے لئے حفاظتی اقدامات نہیں کررہے جس سے خود انہیں اور دیگر شہریوں کو بھی خطرات ہیں۔ میئر کراچی نے کہا کہ میں حکومت سے درخواست کروں گا کہ وہ چھوٹے تاجروں اور دکانداروں کو ٹیکسز اور یوٹیلیٹی بلز میں ریلیف دے اور سیلز ٹیکس میں کمی کرے تاکہ کاروبار ی حضرات اس مشکل وقت سے نکل سکیں۔ انہوں نے کہا کہ سمیڈا کاروباری حضرات کو موجودہ حالات میں ہونے والے خسار ے کو پورا کرنے کیلئے مالی امداد فراہم کرے۔

زیادہ پڑھی جانےوالی خبریں