تازہ ترین

گرمی میں اضافہ،کئی علاقوں میں پانی کی قلت

گرمی-میں-اضافہ،کئی-علاقوں-میں-پانی-کی-قلت

لاہور: گرمی کی شدت میں اضافے کے ساتھ شہر کے مختلف علاقوں میں پانی کی قلت کے بحران نے سر اٹھانا شروع کر دیا جبکہ رمضان المبارک میں گھروں میں پانی کی عدم فراہمی پر لوگوں کی مشکلات مزید بڑھ گئی ہیں۔واسا کی جانب سے پانی کی فراہمی کیلئے دئیے گئے اوقات کار پر بیشتر علاقوں میں پانی نہیں آرہا جبکہ علاقوں مکینوں کی واسا انتظامیہ کو بار بار شکایات کے باوجود پانی کی فراہمی ممکن نہیں ہورہی ۔ رپورٹ کے مطابق گلبرگ، عزیز بھٹی واہگہ،جوبلی ،داتا گنج بخش اور نشتر ٹاؤن کے علاقوں میں پانی کی قلت برقرار ہے ۔ گلبرگ تھری ای بلاک میں بیشتر گھروں میں صاف پانی مقرر ہ اوقات کار پر نہیں آرہا جبکہ علاقہ مکین سیوریج ملے پانی کی شکایات بھی کر رہے ہیں۔ اسی طرح عزیز بھٹی واہگہ ٹاؤن کے علاقوں قلندر پورہ گلی نمبر 13 بی نزد بلال مسجد، ایل ڈی اے تاج پورہ سکیم کے ڈی بلاک، گلی نمبر 41 مسلم آباد مغلپورہ، گلی نمبر 55 سعد ملز، کیرول بازار شالیمار میں پانی کی شدید قلت ہے ، سحر و افطار کے اوقات میں بھی پانی کی فراہمی نہیں کی جارہی ۔واسا کے ڈائریکٹوریٹ جوبلی ٹاؤن میں بھی پانی کی قلت پیدا ہوچکی ہے ، ایف ٹو بلاک کیمپس ویو ٹاؤن جوہر ٹاؤن میں گزشتہ چوبیس گھنٹے سے گھروں میں پانی نہیں آیا، اسی طرح سی ون بلاک ہائیکورٹ سوسائٹی جوہر ٹاؤن میں بھی پانی نایاب ہوچکا ہے ، جوہر ٹاؤن ایم بلاک میں بھی صاف پانی کی فراہمی نہیں ہو پارہی جو کہ علاقہ مکینوں کیلئے اذیت کا سبب بن رہا ہے ۔داتا گنج بخش ٹاؤن میں عمر سٹریٹ، ستار پارک نزد مزار جوئے شاہ راج گڑھ کے علاقوں میں بھی صاف پانی نہیں آرہا ،نشتر ٹاؤن ڈائریکٹوریٹ میں ٹاؤن شپ کے علاقہ ڈی ون سیکٹر بلاک ٹو میں پانی کا دیرینہ مسئلہ حل نہیں ہوسکا ۔اس حوالے سے ایم ڈی واسا سید زاہد عزیز کا کہنا تھا واسا کی ہر سب ڈویژن میں رمضان المبارک کی مناسبت سے آن لائن کمپلینٹ سنٹر بنایا ہوا ہے ، مقررہ وقت میں ٹیوب ویل کی بندش سے متعلق شکایات درج کرائی جاسکتی ہیں، تاہم افسروں کو ہدایات جاری کی ہیں کہ خاص طور پر رمضان المبارک میں کسی بھی علاقے میں پانی کی قلت پیدا نہ ہونے دی جائے ۔

زیادہ پڑھی جانےوالی خبریں