گندم کی کٹائی کیلئے استعمال ہونیوالے زرعی آلات خراب ہونیکی صورت میں انہیں ٹھیک کروایا جاسکے گا ،نوٹیفکیشن جاری، کسان کورونا سے حفاظتی تدابیر کا خیال رکھیں ،نعمان لنگڑیال ملتان : پنجاب حکومت نے صوبے میں گندم کی بروقت کٹائی کو یقینی بنانے کیلئے زرعی آلات کی ورکشاپوں کو فوری کھولنے کا حکم دے دیا۔ حکومتی احکامات کے اجرا میں وزیر زراعت پنجاب ملک نعمان احمد لنگڑیال نے اہم کردار ادا کیا۔ کسانوں کی مختلف تنظیموں نے وزیر زراعت پنجاب ملک نعمان احمد لنگڑیال سے اس حوالے سے مطالبہ کیا تھا جسے وزیر اعظم عمران خان اور وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان خان بزدار کی خصوصی دلچسپی سے فوری طور پر پورا کردیا گیا اور زرعی آلات کی ورکشاپس فوری کھولنے کا حکم دے دیا گیا تاکہ صوبہ بھر میں گندم کی کٹائی کیلئے استعمال ہونے والے زرعی آلات خراب ہونے کی صورت میں انہیں ٹھیک کروایا جاسکے ۔ اس ضمن میں حکومت نے انتظامیہ کو باقاعدہ مراسلہ بھی جاری کردیا ہے ۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر زراعت پنجاب ملک نعمان احمد لنگڑیال نے کہا کہ گندم کی فصل کی کٹائی کے لئے زرعی آلات کا فعال ہونا انتہائی ضروری ہے تاکہ کسانوں کو کسی قسم کی دشواری نہ ہو اور امید کرتے ہیں کہ ورکشاپس کے مکینک اور کسان مشینری مرمت کرواتے وقت کورونا سے حفاظتی تدابیر کا مکمل خیال رکھیں گے ۔ وزیر زراعت پنجاب ملک نعمان احمد لنگڑیال نے کہا کہ اس سال ایک کروڑ 96 لاکھ ٹن گندم کی پیداوار کا ہدف ہے اور پوری قوم دعا کرے کہ ہم اس ہدف سے زیادہ پیداوار حاصل کرسکیں اور کسانوں کی مشاورت کیلئے محکمہ زراعت اور پنجاب سیڈ کارپوریشن کا عملہ ہر ضلع میں رہنمائی کیلئے موجود ہے ۔ ادھرکمشنر ملتان ڈویژن شان الحق کی جانب سے زرعی مشینری ورکشاپس کو کھولنے کے احکامات جاری کردئیے گئے ۔زرعی ورکشاپس اور آٹو رپیئر شاپس کو صبح نو سے شام پانچ بجے تک کھولنے کیلئے باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا۔یہ فیصلہ گندم کی کٹائی اور کاشتکاروں کی سہولت کو مدنظر رکھ کر کیا گیا۔ اس سلسلے میں تمام ورکشاپس اور آٹو رپئیر شاپس کو مانیٹر بھی کیا جائے گا۔