کراچی: گورنرسندھ عمران اسماعیل نے کراچی پریس کلب میں صحافیوں اور ان کے اہل خانہ کے لئے لگائے گئے فری میڈیکل کیمپ کا افتتاح کیا اورہیپاٹائٹس، ایچ آئی وی، بی ایم ڈی، آر بی ایس، او پی ڈی، آنکھوں، دانتوں اور فزیو تھراپی چیک اپ کے لئے لگائے گئے اسٹالز کاجائزہ لیا۔ اس سے قبل کراچی پریس کلب پہنچنے پر پریس کلب کے صدر امتیاز فاران،سیکریٹری ارمان صابر اور گورننگ باڈی کے ممبران سمیت دیگر صحافیوں نے گورنرسندھ کا استقبال کیا۔ گورنر سندھ عمران اسماعیل کو کراچی پریس کلب کے صدر امتیاز فاران نے کلب کے مسائل بتاتے ہوئے درخواست کی کہ وہ صحافیوں کو ہاکس بے میں سندھ حکومت کی جانب سے الاٹ کی گئی زمین حاصل کرنے میں پیش آنے والی دشواریوں کو حل کروانے میں اپنا کردار اداکریں،گورنرسندھ کو سیکریٹری کراچی پریس کلب ارمان صابر اور دیگر گورننگ باڈی کے ممبران نے سینئر صحافیوں اور کراچی پریس کلب کے ممبران کو بھی نئے پاکستان ہاؤسنگ اسکیم میں شامل کرنے کی بھی درخواست کی۔