بلڈ بینکس میں خون کی کمی پر تشویش ہے ،نوجوان زیادہ سے زیادہ عطیات دیں،عمران اسماعیلتحریک انصاف سندھ ریجنز کے صدور اور ایم ڈی پی ایس او کی ملاقاتیں،موجودہ صورتحال پرگفتگو کراچی : گورنر سندھ عمران اسماعیل نے تھیلے سیمیا کے مریض بچوں کے لئے خون دیا۔ انہوں نے کہا کہ لاک ڈاؤ ن کے سبب بلڈ بینکس میں خون کی کمی پر تشویش ہے اور اس صورتحال کے باعث خون کی بیماریوں میں مبتلا بچوں اور افراد کو مشکلات کا سامنا ہے کیونکہ خون کے عطیات بلڈ بینکس تک نہیں پہنچ پا رہے ۔ گورنر سندھ نے عوام بالخصوص نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ زیادہ سے زیادہ خون کے عطیات دیں تاکہ خون کی کمی پر قابو پایا جاسکے ۔علاوہ ازیں گورنر سے پاکستان تحریک انصاف صوبہ سندھ کے ریجنز کے صدور نے پیر کو گورنر ہاؤس میں ملاقات کی ۔ 'ملاقات کے دوران کورونا وائرس اور لاک ڈاؤ ن سے پیدا شدہ مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس دوران کورونا وائرس اور لاک ڈاؤن سے پیدا شدہ صورتحال کے ضمن میں وزیر اعظم کے اقدامات کو سراہا گیا اور صوبہ سندھ کے تناظر میں کئی سفارشات دی گئیں۔ ریجنز کے صدور نے گورنر سے مزید اقدامات کرنے کی اپیل کی تاکہ عوام کو موثر ریلیف دیا جاسکے ۔مزید برآں گورنر عمران اسماعیل سے پاکستان اسٹیٹ آئل کے منیجنگ ڈائریکٹر اور سی ای او سید محمد طحٰہ نے گورنر ہاؤ س میں ملاقات کی۔ گورنر نے کہا کہ پٹرول پمپس پر پٹرول اور ڈیزل کی دستیابی یقینی بنانے کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں تاکہ عوام کو لاک ڈاؤن کے دوران دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے مقرر کردہ اوقات کار کی پابندی کی جائے اور کارگو کی بلا تعطل نقل و حمل کے لئے ہائی ویز پر پی ایس او کے پمپس کو کھلا رکھا جائے۔