پانڈا پیکس سکول بیگزہی نہیں ، چینی قوم کا محبت کا پیغام ہے ، ابرار الحق اسلام آباد : وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ و رانہ تربیت شفقت محمودنے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کے درمیان ہر شعبہ میں بڑھتا ہوا تعاون دونوں ممالک کے لوگوں کے مابین تعلق و تعاون کا سبب بھی بن رہا ہے ۔ وہ جمعرا ت کو ہلال احمرپاکستان ،چا ئنہ فاؤنڈیشن فار پاور ٹی الیوی ایشن کے تعاون سے اسلام آباد کے دیہی علاقوں میں واقع سکولوں میں زیر تعلیم 20,000 بچوں میں سکول بیگ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔ اس سلسلہ میں اسلام آباد ماڈل سکول برائے طالبات ایف سیون ون میں ایک تقریب کا انعقاد ہوا۔ وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود،پاکستان میں مقیم چینی سفارت کا ر یاؤ جنگ ، چیئرمین ہلال احمر پاکستان ابرار الحق اورنائب صدر چا ئنہ فاؤنڈیشن فار پاور ٹی الیوی ایشن وانگ زانگ وی نے خطاب کیا۔ چینی سفارت کار نے حکومت پاکستان کی جانب سے متعارف کئے گئے پروگرام ایجو کیشن فار آل کو کامیاب بنانے کے لئے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ ابرار الحق نے کہا کہ پانڈا پیکس صرف سکول بیگزہی نہیں بلکہ چینی قوم کی جانب سے محبت بھرے تحائف ہیں جو تادم زندگی پاکستانی بچوں کے ذہنوں پر انمٹ نقوش ثبت کریں گے ۔