برازیلا: برازیل میں حادثے کا شکار ہونے والے طیارے کا پائلٹ 36 روز بعد زندہ مل گیا۔ غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق رواں سال جنوری میں برازیل کے جنگلات میں ایک انجن والا طیارہ سیسنا 210 پرواز کے دوران فنی خرابی کے باعث گر کر تباہ ہو گیا تھا۔ ریسکیو ٹیموں نے طیارے کا ملبہ تو تلاش کر لیا تھا لیکن پائلٹ کو کچھ معلوم نہیں ہو سکا تھا۔ حادثے کے 36 روز بعد جنگلات میں پائلٹ کا معلوم ہوا تو اسے فوری ہیلی کاپٹر کے ذریعے ریسکیو کر لیا گیا۔ خوش قسمت پائلٹ اینتھونی سینا نے حادثے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ طیارے کی خرابی کا اندازہ ہونے کے بعد طیارے سے چھلانگ لگا کر اپنی جان بچائی تھی اور پیرا شوٹ کی مدد سے ایمازون کے جنگلات میں بحفاظت اتر گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ جنگل میں 36 روز تک ادھر اُدھر بھٹکتا رہا اور بھوک مٹانے کے لیے پودے اور پرندوں کے انڈے کھاتا رہا۔