عالمی ادارہ صحت کی گائیڈ لائنز کے مطابق 20 ہزار حفاظتی لباس تیار کئے جائیں گے حکومت مخیر حضرات اور اداروں کے تعاون سے اس چیلنج کو پورا کرے گی، گورنرعمران اسماعیل کراچی: گورنر سندھ عمران اسماعیل سے یونی لیور پاکستان کے وفد نے گورنر ہاؤس میں ملاقات کی ۔ وفد میں رکن سندھ اسمبلی سدرہ عمران ، یونی لیور کے چیئرمین عامر پراچہ ، عدنان اصدر، دیپک پروانی ، کہکشاں سید ، فرقان ریاض ،شاہزیب کپاڈیہ، احسان چنائے ، فاطمہ ارشد ، حسین طالب اور عبد الرحمن شامل تھے ۔ وفد نے کورونا کے مریضوں کے علاج میں مصروف ڈاکٹرز اور طبی عملے کے لئے 12 ملین روپے عطیہ دینے کا اعلان دیا، جس سے عالمی ادارہ صحت کی گائیڈ لائنز کے مطابق 20 ہزار مکمل حفاظتی لباس تیار کئے جائیں گے جنہیں انڈس اسپتال کے ڈاکٹروں اور طبی عملے میں تقسیم کیا جائے گا ۔ گورنر سندھ نے اس ضمن میں رکن سندھ اسمبلی سدرہ عمران اور معروف سماجی کارکن کہکشاں سید کی کاوشوں کو سراہا۔ اس موقع پر گورنرسندھ نے کہا کہ کورونا کے خلاف جنگ اب ہر پاکستانی کی جنگ ہے، ہر پاکستانی اپنی بساط اور صلاحیتوں کے مطابق اس میں شریک ہے، بالخصوص ڈاکٹرز اور طبی عملہ کورونا کے خلاف جنگ میں فرنٹ لائن سولجر ہے، انہیں حفاظتی لباس اور آلات کی فراہمی حکومت کی ترجیح ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت مخیر حضرات اور اداروں کے تعاون سے اس چیلنج کو پورا کرے گی، اس ضمن میں ٹائیگر فورس اور مخیر حضرات حکومت کے دو اہم بازو ثابت ہونگے ۔ رکن سندھ اسمبلی سدرہ عمران نے کہا کہ مل کر ہی اس وبا سے جلد چھٹکارا حاصل کیا جا سکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی کاوشوں اور وزیراعظم کے جذبے نے ہر پاکستانی کو متاثر کیا ہے۔