لاہور: لاہور کے سرکاری ہسپتالوں میں کورونا ٹیسٹ کٹس کم پڑ گئیں ہیں۔ اس حوالے سے بتایا گیا ہے کہ لاہور کے سرکاری ہسپتالوں میں کورونا ٹیسٹ کے نمونے لینے کا عمل روک دیا گیا ہے جبکہ انتظامیہ کی جانب سے ان مسائل کو حل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ اس حوالے انتظامیہ حکام کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ لوگوں کے کورونا ٹیسٹ کے نمونے نہیں لئے جا رہے، سیمپلنگ وائل میں کمی سے مسائل کا سامنا ہے جن کو جلد حل کر لیا جائے گا۔ اس حوالے سے بات کرتے ہوئے ینگ داکٹر ایسوسی ایشن کے ایگزیکٹیو ممبر نے ویڈیو پیغام میں اس بات سے آگاہ کیا ہے کہ لاہور کے جناح ہسپتال میں گزشتہ رات سے ٹیسٹنگ کٹس موجود نہیں ہیں۔ بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہمیں گزشتہ روز صرف 120 ٹیسٹ کٹس دی گئی تھیں جو کہ اب ختم ہو گئی ہیں۔ جہاں ایک طرف کورونا پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں ٹیسٹنگ کٹس موجود نہیں ہیں، وہاں ہی دوسری طرف پاکستان نے ایک دن میں ریکارڈ اموات کا سامنا کیا ہے گزشتہ 24 گھنٹوں میں پاکستان میں کورونا کے 4 ہزار 646 کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ 105 افراد کورونا کا شکار ہو کر جاں بحق ہو گئے۔ یہ تعداد ابھی تک پاکستان میں ایک دن میں جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد میں سب سے زیادہ ہے۔ مجموعی اعدادوشمار کی بات کی جائے تو ملک بھر میں کورونا کیسز کی تعداد 1 لاکھ 8 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ ابھی تک 2 ہزار 172 افراد کورونا کا شکار ہو کر جاں بحق ہو گئے ہیں۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن کے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق ملک بھر میں صحت مند ہونے والے مریضوں کی تعداد بھی 35 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔ بڑھتی ہوئی مریضوں کی تعداد کے حوالے سے اس بات کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ آئندہ ایک مہینے میں کورونا کیسز کی تعداد میں حیران کن حد تک اضافہ ممکن ہے۔ ایک طرف جہاں مریضوں کی تعداد میں حیران کن حد تک اضافہ کا امکان ہے، وہاں ہی دوسری طرف لاہور میں ٹیسٹنگ کٹس کی عدم موجودگی تشویشناک صورتحال پیدا کر رہی ہے۔