ملازمین کو اس کارکردگی پر انعامات، اپ گریڈیشن کی بھی خوشخبری ملے گی،اخلاق رانا راولپنڈی: شمالی پنجاب سرکل میں چھ روز میں 79ہزار پنشنرز کو ادائیگیاں ہوئیں اور عملے نے احساس ذمہ داری سے اتوار کو بھی پنشن ادائیگی کاکام جاری رکھا۔ 2اپریل تک پنشن ادائیگی کا کام مکمل کر لیں گے ۔ ملازمین کو اس کارکردگی پر انعامات دیں گے اور اپ گریڈیشن کی بھی جلد خوشخبری ملے گی۔ لاک ڈائون کی وجہ سے ویسٹرن یونین اور دیگر بین الاقوامی ترسیلات کے کاؤنٹرز پر رش کے پیش نظر خصوصی انتظامات کئے گئے اور یوٹیلیٹی بلز وصولی سمیت تمام سروسزبلاتعطل جاری ہیں۔ ان خیالات کا اظہار ڈی جی پاکستان پوسٹ اخلاق رانا نے راولپنڈی جی پی او کے اچانک دورے کے دوران پنشن تقسیم کرنے والی ٹیموں کے ارکان اور آپریشنل عملے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پوسٹماسٹر جنرل شمالی پنجاب عبدالرزاق نے آپریشنل عملے کی کارکردگی کا جائزہ پیش کیا۔ اخلاق رانا نے مزید کہا کہ ڈیڑھ ملین ملٹری اور فیملی پنشنرزکوان کے گھر کی دہلیز پر پنشن کی فراہمی مشکل ٹاسک تھا۔