لاہور: رواں سال اڑھائی لاکھ ملکی اور غیر ملکی سیاحوں نے لاہور میوزیم کا دورہ کیا جن میں 84 ہزارطلبہ ، ڈیڑھ لاکھ عام شہری ، پانچ ہزار غیرملکی اور دو ہزار کے لگ بھگ ملکی اور غیر ملکی سرکاری وفود شامل ہیں ۔ ڈائریکٹر لاہور میوزیم طارق محمود جاوید نے بتایا کہ سیاحت کا فروغ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ اور اس ضمن میں حکومت تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ ثقافت کے فروغ کے لیے لاہور میوزیم سینٹر آف ایکسیلینس کا کردار ادا کر رہا ہے۔ میوزیم کو جدید ثقافتوں سے ہم آہنگ کرنا وقت کی ضرورت ہے ۔ دنیا کی آگاہی کے لیے میوزیم میں موجود اہم نوادرات میں سے ایک روزانہ فیس بک، انسٹاگرام اور ٹوئٹر پر پوسٹ کیا جا رہا ہے۔ میوزیم ایجوکیشن پروگرام کے تحت آر ٹ کلچر، تاریخ و آرکیالوجی کے موضوع پر ماہانہ لیکچر اور نمائشوں کا انتظام بھی کیا جا رہا ہے ۔ طلبہ کو اپنے ثقافتی ورثے سے روشناس کرانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں ۔ گروپس کی شکل میں عجائب گھر دیکھنے کے لیے آنے والوں کو گائیڈڈ ٹورز فراہم کئے جارہے ہیں۔ لاکھوں کی تعداد میں ملکی اور غیرملکی سیاحوں کا میوزیم کا دورہ ملکی سیاحت کے فروغ کے لیے انتہائی خوش آئند ہیں اور اس تعدادکو مزید بڑھانے کے لیے لاہور میوزیم اپنی پیشہ ورانہ خدمات کو تندہی کے ساتھ سرانجام دیتا رہے گا۔