اسلام آباد : وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب خان نے کہاہے کہ متبادل ذرائع سے بجلی پیدا کرنے کی پالیسی کے تحت 2025تک 8ہزار میگاواٹ اور 2030تک 20ہزار میگاواٹ بجلی سسٹم میں شامل کی جائے گی۔ گزشتہ دور حکومت میں متبادل ذرائع کے توانائی کے منصوبوں کو ختم کر کے ایل این جی کے مہنگے منصوبے لگائے گئے، متبادل ذرائع سے توانائی پیدا کرنے کی پالیسی کو توثیق کیلئے مشترکہ مفادات کونسل میں پیش کیا جائے گا۔پاکستان میں 40ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے مواقع متبادل ذرائع سے بجلی کی پیداوار کے شعبہ میں موجود ہیں، توانائی کے شعبے میں ریونیو میں229ارب کا اضافہ ہوا ہے، فی یونٹ نرخ کم کرینگے۔ ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب خان نے وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے پٹرولیم ندیم بابر نے یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔